مُصطلحات

حدیث

حدیث حَدَث سے ہے۔ لغت میں اس کے معنی ”کسی چیز کا رونما ہونا“ یا ”وجود میں آنا ہے“۔ دورِ جاہلیت میں مشہور تاریخی واقعات کو بھی ”احادیث“ سے تعبیر کرتے تھے۔  اصطلاح میں حدیث کہتے ہیں ان افعال، اقوال اور تقریرات کو جو اللہ کے آخری رسول محمدؐ بن عبد اللہ کی طرف منسوب ہوں۔

اسلام

اسلام کا مطلب ہے اپنے آپ کو خدا کے سپرد کر دینا، اس کے سامنے بالکل جھک جانا، اس کی اطاعت و فرمابرداری کرنا، اور خدا کی پناہ میں آجانا، اور اس طرح سارے دوسرے خداؤں سے بیزار ہو کر خدا کے ہو کر رہ جانا۔

ایمان

اہل السنة والجماعة کے اصول کے مطابق ایمان کا مطلب ہے دل سے سچ ماننا، زبان سے اس کا اقرار کرنا، اور ارکان پر عمل کرنا۔ امام احمد بن حنبل کہتے ہیں، ”الایمان قول و عمل، یزید و ینقص۔“ یعنی ایمان قول و عمل ہے، اور یہ بڑھتا اور گھٹتا ہے۔

تقویٰ

"فرائض کی ادائگی، محرمات سے اجتناب، اللہ اور اس کے رسول پر ایمان اور اس معاملے میں اخلاص کا رویہ، اللہ اور اس کے رسول نے جن باتوں کی خبر دی ہے، سب کو سچ ماننا، اللہ کے عذاب سے خوف کھانا، اور اللہ سے اجر کی امید رکھنا۔”

سنّت

سنت اللہ کے رسول کا طریقہ زندگی، عملی نمونہ یا معیاری رواج ہے۔ یعنی ایک ایسا عمل ہے جو مسلمانوں کے درمیان نسلاً بعد نسلٍ منتقل ہوتا چلا آ رہا ہے۔